ہوناور 16/ جولائی (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے ہڈین بال گرام پنچایت میں کاوور کے مقام پر موسلا دھار برسات کی وجہ سے پھر ایک بار پہاڑی چٹان کھسکنے کا واقعہ پیش آیا مگر خوش قسمتی سے چٹان کا تودا قریب میں واقع مکان کے صحن میں گرا اور گھر کی دیواروں سے ٹکرا کر بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے اس علاقے کے لوگ پہاڑی چٹان کھسکنے کے خطرے میں جی رہے ہیں اور اپنے خوف کا اظہار کرتے ہوئے اس خدشہ کو متعلقہ محکمہ جاتی افسران کے علم میں لاتے رہے ہیں ۔ عوام کی شکایت ہے کہ اس سلسلے میں مقامی عوامی نمائندوں ، تعلقہ انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ کے افسران تک کو اس مسئلہ سے آگاہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے اور کسی نے بھی کوئی توجہ نہیں دی ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چٹان کھکسنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ گزشتہ سال اگست میں بھی اس طرح کا واقعہ پیش آیا تھا اور اس وقت بھی افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا تھا ۔
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اس بار تو بڑا حادثہ ٹل گیا ہے ، مگر خطرہ پھر بھی برقرار ہے ۔ اس کے علاوہ اسکول کمپاونڈ کی دیواریں بھی گرنے، آنگن واڈی اسکول اور گھروں کو بڑا نقصان پہنچنے کا خطرہ بنا ہوا ہے ۔